تازہ ترین
ہوم / کھیل / قومی کرکٹ ٹیم کا ایک اور کلین سویپ مکمل، زبردست ریکارڈ بنانے والی دنیاپہلی ٹیم بن گئی

قومی کرکٹ ٹیم کا ایک اور کلین سویپ مکمل، زبردست ریکارڈ بنانے والی دنیاپہلی ٹیم بن گئی

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم نے حالیہ یو اے ای کی سیریز میں آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بھی وائٹ واش مکمل کرکے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ کا بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے ۔ سرفراز الیون اب ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 5کلین سویپ مکمل کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم بن گئی ہے ، گرین شرٹس نے دو مرتبہ یہ کارنامہ عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور ایک ،ایک مرتبہ آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف سر انجام دیا ہے ۔ پاکستان کے بعد افغان نے دوسرے سب سے زیادہ تین کلین سویپ کررکھے ہیں تاہم افغان ٹیم نے یہ کلین سویپ بنگلہ دیش کے علاوہ آئر لینڈ اور متحدہ عرب امارات کی نسبتا کمزور ٹیموں کے خلاف کیے ہیں ،بھارتی ٹیم مختصر فارمیٹ کے تین یا اس سے

زائد میچز کی سیریز میں یہ کارنامہ سر انجام دے چکی ہے ،اس نے آسٹریلیا اور سری لنکا کو وائٹ واش کررکھا ہے۔ پاکستان ،افغانستان اور بھارت کے علاوہ آسٹریلیا نے انگلینڈ ، بنگلہ دیش نے آئر لینڈ ، آئرلینڈ نے کینیا ، نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش ، عالمی ٹی ٹونٹی چیمپئن ویسٹ انڈیز نے افغانستان اور متحدہ عرب امارات نے پاپوا نیو گنی کو ایک ، ایک مرتبہ وائٹ واش کررکھا ہے ۔ یاد رہے کہ پاکستا ن نے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میں نیوزی لینڈ کو 47رنز سے شکست دے کر وائٹ واش مکمل کرلیا ۔ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سرفراز احمد ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابر اعظم نے کیا ،پاکستان کی پہلی وکٹ 29 کے سکور پر گری جب فخر زمان 11 رنز بناکر لوکی فرگوسن کا شکار بن گئے۔دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور محمد حفیظ نے کئی دلکش سٹروکس کھیلے اور بابر اعظم نے اس دوران اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 8ویں نصف سنچری مکمل کرنے کےساتھ تیز ترین ہزار ٹی ٹونٹی رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ،وہ حفیظ کے ساتھ 94رنز کی شراکت داری قائم کرنے کے بعد کولن ڈی گرینڈ ہوم کی گیند پر 79رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، شعیب ملک 9گیندوں پر19رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر گرینڈ ہوم کی دوسری وکٹ بنے ،محمد حفیظ نے اپنی 10ویں ٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی اور آصف علی کے ساتھ ملکر20اوورز میں پاکستان کا سکور 166رنز تک پہنچایا ۔نیوزی لینڈ کے لیے گلین فلپس اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا ،منرو محض2رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ، نمبر تین پر بیٹنگ کےلئے آنےوالے کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی ناکام رہے اوروہ6رنز بنا کر عثمان شنواری کی تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے ، کیوی کپتان کین

ولیمسن نے گلین فلپس کےساتھ تیسری وکٹ کےلئے 83رنز کا اضافہ کیا اور اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی 9ویں نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ شاداب خان کی گیند پر چھکا لگانےکی کوشش میں باؤنڈری پر بابر اعظم کے ہاتھوں جکڑے گئے ، دو گیندوں بعد شاداب نے گلین فلپس کو بھی 26کے انفرادی سکور پر بولڈ کردیا ، مار ک چیپ مین محض2رنز بنا کر عمادوسیم کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوگئے ،اگلی ہی گیند پر ٹم سائیفرٹ بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہوگئے ، ٹم ساؤتھی بھی بغیر کوئی رنز بنائے فہیم اشرف کی عمد ہ تھرو پر رن آؤٹ ہوگئے ،شاداب خان نے روس ٹیلر کو7رنز پر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر اپنی تیسری وکٹ حاصل کی ،وقاص مقصود نے

لوکی فرگوسن کو آؤٹ کرکے اپنی پہلی ٹی ٹونٹی وکٹ حاصل کی اور پھر سیتھ رینس کو آؤٹ کرکے پاکستان کو جیت دلائی۔گرین شرٹس نے ٹیم میں دو تبدیلیاںکی ہیں اور شاہین آفریدی اور حسن علی کو آرام دیکر وقاص مقصود کو ڈیبیو کروانے کے ساتھ عثمان شنواری کو حتمی الیون میں شامل کیا گیا ۔ پاکستان نے 31 اکتوبر کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد کیویز کو 2 رنز سے شکست دی جب کہ دوسرے میچ میں بھی پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔کیویز کےخلاف سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کے بعد پاکستان نے مسلسل 11 ویں ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کرنےکا اعزاز حاصل کیا۔یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کے بعد تین ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی متحدہ عرب امارات میں ہونی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *