تازہ ترین
ہوم / کھیل / فواد عالم نے رکی پونٹنگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، منفرد اعزاز کے مالک بن گئے

فواد عالم نے رکی پونٹنگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، منفرد اعزاز کے مالک بن گئے

 

لاہور (نیوز ڈیسک) ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم اب بھی قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ”نظر کرم “ کے منتظر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو2009ءکے بعد ٹیسٹ،2015ءکے بعد ون ڈے جب کہ2010ءکے بعد کوئی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔33 سالہ فواد عالم مئی 2017ءمیں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ان کی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا ۔ فواد عالم نے ابھی تک سلیکشن کمیٹی کے اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی ہے اورقائد اعظم

ٹرافی کے سپر ایٹ مرحلے میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی نمائندگی کرتے ہوئے کراچی وائٹس کے خلاف 170رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا،اس سے قبل انہوں نے قائد اعظم ٹرافی کے چوتھے راؤنڈ میں نیشنل بینک کی ٹیم کے خلاف 153رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی اننگز سے جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔فواد عالم اب تک155فرسٹ کلاس میچز میں 56.08کی اوسط سے 11441رنز سکور کرچکے ہیں جن میں30سنچریاں اور58نصف سنچریاں شامل ہیں اور اس وقت بھی کرکٹ کھیلنے والے پلیئرزکی فہرست میں بہترین اوسط کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر موجود ہیں ، حال ہی میں دورہ انگلینڈ کے دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنےوالے بھارتی بلے باز ہنومن وہاری 59.48کی اوسط سے ساتھ پہلے اور سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ 57.37کی اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پرموجود ہیں ،فوادعالم کی فرسٹ کلاس اوسط سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ (55.90) اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی (54.16) سے بھی زیادہ ہے۔انہوں نے 2009 ءمیں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف نومبر 2009ءمیں ڈیونیڈن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تاہم اس کے بعد انہیں ابھی تک قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *