پی ٹی اے کی موبائل صارفین کوضروری ہدایت، اپنے واٹس ایپ کو فوری طور پر اپڈیٹ کریں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اپنے واٹس ایپ ایپلی کیشن کے ہیک ہونے کا خدشہ پی ٹی اے نے صارفین کو ایپلی کیشن اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت دے دی۔ تفصیل کے مطابق پاکستان حکام کے واٹس ایپ ہیک ہونے کا معاملہ واٹس ایپ انتظامیہ کیساتھ اٹھایا گیا ۔ واٹس ایپ انتظامیہ سے معلومات حاصل کرنے کے بعد پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے صارفین کو مطلع کیا ہے کہ اپنی واٹس ایپ ایپلی کیشن کو اپ ڈیٹ کر لیں۔ پی ٹی اے کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق صارفین اپنے موبائل فون کے ساتھ ا یپلی کیشن کو بھی اپ ڈیٹ رکھیں۔واضح رہے ہیکرز کے دنیا بھر میں جاری واٹس ایپ پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔یاد رہے

اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنی کے تیار کردہ اسپائی ویئر (جاسوس وائرس) سے متعدد پاکستانی حکام کے موبائل فونز کی جاسوسی کا انکشاف ہوا تھا ۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ٹیکنالوجی کمپنی این ایس او نے اسپائی ویئر سے واٹس ایپ کی سیکورٹی نظام میں مداخلت کر کے پاکستان کے اعلیٰ دفاعی اور خفیہ ایجنسی کے افسران کی جاسوسی کی۔ برطانوی میڈیا کو ایک سینئر پاکستانی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ سینئر دفاعی حکام اور انٹیلی جنس افسران کو اسپائی ویئر کے ذریعے نشانہ بنا کر ان کی جاسوسی کی گئی ہے۔رواں سال کے آغاز پر ایک تجزیے میں انکشاف ہوا تھا کہ 14 سو افراد کے موبائل فونز پر ہیکنگ کی کوشش کی گئی اور دو ہفتوں کے درمیان بار بار ان کے موبائل فونز پرپراسرار سرگرمیوں کی نشاندہی کی گئی۔ صارفین کی رازداری کو نشانہ بنانے پر واٹس ایپ نے این ایس او کے خلاف مقدمہ بھی دائر کیا تھا کہ مذکورہ کمپنی نے بغیر اجازت مداخلت کرکے اس کی سروس کی توہین کی ہے۔اس مقدمے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اسرائیلی کمپنی نے دنیا بھر کے صحافی، انسانی حقوق کے رضاکاروں، سیاستدانوں، سفارتکاروں اور دیگر اعلیٰ سرکاری شخصیات کو ہیکنگ کا ہدف بنایا تھا۔