مری میں کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی لانچنگ تقریب، صداقت علی عباسی نے رضاکاروں سے حلف لیا

مری(نیوز ڈیسک) مری میں کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی لانچنگ تقریب ہوئی جس میں تحصیل مری کے 1700 ٹائیگرز فورس کے نمائندوں نے شرکت کی، فورس کا نیٹ ورک تحصیل مری کی 15 یونین کونسلز تک پھیلا دیا گیا اور یو سی سطح تک تنظیم سازی کردی گئی ہے ۔ تقریب آرٹس کونسل میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی ایم این اے ، ترجمان وفاقی حکومت صداقت علی عباسی تھے ۔ صداقت علی عباسی نے ٹائیگرز فورس رضاکاروں سے حلف لیا اور انہیں ذمہ داریوں کیساتھ ساتھ فورس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ٹائیگر فورس کا قیام ضروری تھا کیونکہ بیورو کریسی خود کو حکمران تصور کرتی تھی۔ ٹائیگر فورس کے رضا کار عوام کی بلا تفریق خدمت کریں اور وزیراعظم عمران خان کا وژن کامیاب کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور بادشاہوں کا کلچر ختم کرنے میں کردار ادا کریں۔